+(00) 123-345-11

مشینی ذبیحہ سے متعلق ویڈیو دیکھ لیں۔ ایک منٹ میں 150مرغی حلال ہوتی ہے۔ یہاں پر علماء میں اختلاف ہے کچھ حلال کہتے ہیں کچھ حرام، براہ کرم رہنمائی فرمائیں۔

مذکورہ مشینی ذبیحہ حلال نہیں اس لئے کہ مشین میں لگی ہوئی چھری کے ہوتے ہوئے یہ ممکن نہیں کہ ہر مرغی پر ذبح کرنے والا خود تسمیہ پڑھے اور مشین اسٹارٹ کرتے ہوئے تسمیہ پڑھنا یا چھری کے پاس کھڑے ہونے والے شخص کا تسمیہ پڑھنا شرعی تقاضہ کو پورا نہیں کرتا نیز ذبح سے قبل کرنٹ والے پانی سے گزارنے کی صورت میں ذبح سے قبل مرغی کی موت واقع ہونے کااندیشہ ہے۔ البتہ مذکورہ طریقہ میں چند ترمیمات کرکے اسے شریعت کے مطابق بنایا جا سکتا ہے۔

۱۔ جس پانی سے مرغیوں کو ذبح سے قبل گزارا جاتا ہے اس میں کرنٹ نہ چھوڑا جائے۔

۲۔ مشین میں سے چھری نکال دی جائے اور اس کی جگہ پر چند مسلمان یا اہل کتاب کھڑے کر دیئے جائیں مرغیاں جب ان کے سامنے سے گزریں تو ان میں سے ہر ایک مرغی پر تسمیہ پڑھتے ہوئے اس کو شرعی طریقے کے مطابق ذبح کرے۔

۳۔ جس پانی سے مرغیوں کو ذبح کرنے کے بعد گزارا جاتا ہے وہ اتنا زیادہ گرم نہ ہو کہ ابلنے کی حد تک پہنچ جائے۔

(ماخذہ فقہی مقالات از مولانا مفتی تقی عثمانی صاحب ص ۲۸۰ : ج۴)